بھارت کےمشہور فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کا نام تبدیل

669

نئی دہلی: بھارت کی مقامی دہلی اور ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن نےمشہور فیروز شاہ کوٹلہ کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم رکھ دیا۔

دہلی اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نےگزشتہ روز ایک تقریب کے دوران دہلی میں عرصے سے موجود بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم کا نام فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم سے تبدیل کر کے اسے ایسوسی ایشن کے سابق صدر ارون جیٹلی سے موسوم کردیا ، اس تقریب میں بھارتی کھلاڑیوں کے علاوہ حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی جبکہ اسٹیڈیم کے ایک حصے کو ‘ویرات کوہلی’ کے نام سے بھی منسوب کیا گیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی اے  کے صدر رجت شرما کا کہناتھا  کہ ویرات کوہلی، وریندر سہواگ، گوتم گھمبیر، اشیش نہرہ اور رشب پانٹ جیسے مشہور کرکٹر ارون جیٹلی کی کوششوں سے ہی قومی ٹیم کا حصہ بنے تھے۔

یاد ہے کہ ارون جیٹلی کچھ عرصہ قبل انتقال کرگئےتھے۔

مشہور فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کی جدید انداز میں تزئین و آرائش کا کام بھی ارون جیٹلی نے کیا تھا ، اسٹیڈیم 1883 میں تعمیر کیا گیا تھا اور یہ کلکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم کے بعد بھارت کا دوسرا سب سے پُرانا اسٹیڈیم ہے۔