اسلامی جمعیت طلبہ کا 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب کشمیر مارچ کا اعلان

199

 

لاہور(نمائندہ خصوصی) ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان محمد عامر نے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب کشمیر مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کشمیر تکمیل پاکستان کی منزل ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستانی طلبہ کشمیر پر کسی بھی قسم کی ڈیل، سودے بازی اور سمجھوتا قبول نہیں کریں
گے،کسی بھی سطح پر کشمیریوں کی امنگوں کے خلاف کوئی بھی سودے بازی کرنے کی کوشش کی گئی تو پاکستانی طلبہ ان کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔ کشمیر مارچ میں مختلف جامعات اور کالجز کے طلبہ شریک ہوکر پاکستانی قوم کی نمائندگی کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد عامر نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ رواں سال ’’پہچان پاکستان مہم‘‘ کے ذریعے50 لاکھ طلبہ تک رسائی حاصل کرے گی، انہیں پاکستان کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے پر آمادہ کرے گی۔ انہوں نے مہم کی دیگر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پہچان پاکستان مہم 31دسمبر تک جاری رہے گی۔ اس دوران 50 لاکھ طلبہ کو اسلامی جمعیت طلبہ کا حصہ بنایا جائے گا۔ مہم کا بنیادی مقصدطلبہ کوقیام پاکستان کے مقاصدسے آگاہ کرنااور اس کی اصل اساس سے جوڑنا، تعمیربذریعہ تعلیم کاتصور دیتے ہوئے تعلیمی مسائل کو اجاگرکرنا،طلبہ کو معاشرے کی فلاح کے لیے عملی اقدامات پرآمادہ کرنااور جمعیت کامثبت چہرہ دنیا کودکھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ مکمل مہم10 عشروںپرمشتمل ہوگی، جس میں پہلا عشرہ، عشرہ یکجہتی کشمیر منایا جائے گاجس کا سلوگن ’’کشمیربنے گاپاکستان‘‘ ہوگااوراس عشرے کادورانیہ 14 ستمبر تا20ستمبر ہوگا۔دوسراعشرہ فکر امام سیدمودودیؒ کے حوالے سے منایا جائے گاجس کا دورانیہ 21ستمبرتا 30 ستمبرہوگا۔ تیسرا عشرہ والدین اور اساتذہ سے منسوب کیاگیا ہے جس کا دورانیہ یکم اکتوبر تا10 اکتوبر ہوگا۔ چوتھا عشرہ ’’ریڈرز آر لیڈرز‘‘ کے عنوان سے11 اکتوبرتا20اکتوبرمنایا جائے گا۔ پانچواں عشرہ شجرکاری مہم کے لیے محیط کردیا گیا ہے جس میں شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کیاجائے گااور اس کادورانیہ 21اکتوبر تا 30اکتوبرہوگا۔ چھٹا عشرہ’’عشرہ اقبال ‘‘کے عنوان سے منایا جائے گاجوکہ یکم نومبر سے 10نومبرتک ہوگا،چھٹے عشرے کے بعد 11نومبر سے 10 دسمبر تک پورے پاکستان میں میگا فیسٹیولز کی ایک مہم چلائی جائے گی جوکہ 3 عشروں پر مشتمل ہوگی،اس کے بعد دسواں عشرہ ’’نظریہ پاکستان مہم ‘‘ کے حوالے سے منایا جائے گا جس کا دورانیہ 11دسمبرتا20دسمبرہوگا اور اسی طرح آخری عشرہ ،عشرہ یوم تاسیس کے حوالے سے منایاجائے گا جس کاآغاز21دسمبر اوراختتام30 دسمبرکو ہوگا۔
کشمیر مارچ کا اعلان