ایم کیو ایم حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، ذاکر بندھانی

284

سکھر (نمائندہ جسارت) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سکھر کی جانب سے یونین کمیٹی 9 کے ضمنی انتخابات میں نامزد امیدوار ذاکر بندھانی کی جانب سے الیکشن میں کامیابی کے حصول کے لیے بھرپور انداز سے انتخابی مہم جاری ہے۔ ذاکر بندھانی نے ایم کیو ایم کے ذمے داران شمیم راجپوت، انور ملک، ساجد غوری سمیت دیگر کے ہمراہ یوسی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے بندھانی برادری کے معززین اور علاقہ مکینوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل معلوم کیے اور حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے پتنگ کے نشان پر مہر لگانے کی درخواست کی۔ اس موقع پر یونین کمیٹی 9کے ایم کیو ایم کے نامزد امیدوار ذاکر بندھانی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہے، ہماری خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، اس وقت نواں گوٹھ کی حالت سب کے سامنے ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، لوگ بنیادی سہولیات کے لیے ترس رہے ہیں، پینے کے پانی کی پائپ لائنیں جگہ جگہ سے خستہ حالی کا شکار ہیں، گلی و محلوں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، نکاسی نظام مفلوج ہے، الغرض عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے۔ نواں گوٹھ کے مکین کل بھی ایم کیو ایم کے ساتھ تھے، آج بھی ہیں اور آنیوالے دنوں میں بھی ایم کیو ایم کا ہی ساتھ دیں گے، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ایم کیو ایم ہی ہے جو کہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ الیکشن والے دن نواں گوٹھ کے مکین بتا دیں گے کہ وہ پتنگ سے کتنی محبت کرتے ہیں۔ اپنی فتح کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ نواں گوٹھ آج بھی ایم کیو ایم کا گڑھ ہے، یہاں سے کسی اور جماعت کا نمائندہ کبھی جیت ہی نہیں سکتا، یقینی شکست کو دیکھ کر مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور سرکاری مشینری استعمال کرنے کی سازش کے تانے بانے بنے جارہے ہیں مگر عوام کا سونامی انہیں شکست فاش دیگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پتنگ کے نشان پر مہر لگا کر کامیابی یقینی بنائیں تاکہ انہیں بنیادی سہولیات میسر آسکے۔