حیدر آباد ، گول بلڈنگ کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تیاری

183

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ حکام نے گول بلڈنگ کے اطراف کھوکھر محلہ سمیت متصل تمام علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات اور سڑکوں پر قائم موٹر سائیکل کی غیر قانونی مارکیٹ، سیکڑوں ورکشاپس کیخلاف بڑے انسداد تجاوزات آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلیں، اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد ابراہیم نے ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سیل توحید احمد، ایس او سٹی ٹریف نعیم راجپوت و دیگر حکام کے ہمراہ علاقے کا دورہ کیا۔ سندھ ہائی کورٹ اور ماتحت عدالت کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر عائشہ ابڑو، ایس ایس پی عدیل چانڈیو اور قائم مقام میئر سہیل مشہدی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ حکام نے سٹی کے مرکزی رہائشی وکمرشل علاقے گول بلڈنگ کے اطراف کھوکھر محلہ رسالہ روڈ سے متصل علاقوں میں انسداد تجاوزات کی تیاری کرلی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے گول بلڈنگ کے اطراف تمام گلیوں میں قائم غیر قانونی موٹر سائیکل مارکیٹ، سیکڑوں ورکشاپس سمیت تمام غیر قانونی تجاوزات ختم کرنے کے احکامات دیے ہیں، جس پر عملدرآمد کرانے کے لیے متعلقہ حکام نے علاقے کا دورہ کیا۔ افسران نے تجاوزات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کئی بار اس علاقے میں آپریشن ہوئے مگر اب ہر صورت علاقہ مکینوں اور ٹریفک کو مذکورہ صورتحال سے نجات دلانے کے لیے مستقل اقدامات کررہے ہیں اور جلد ہی بڑا آپریشن کیا جائے گا۔