حیدر آباد، ڈی سی نے مسافروں سے زاید کرائے وصولی کا نوٹس لے لیا

150
حیدر آباد : مختار کار سٹی ابو بکر سدھایو ٹرانسپورٹرز کی طرف سے زائد کرایہ وصول کرنے پر مسافروں سے معلومات حاصل کررہے ہیں
حیدر آباد : مختار کار سٹی ابو بکر سدھایو ٹرانسپورٹرز کی طرف سے زائد کرایہ وصول کرنے پر مسافروں سے معلومات حاصل کررہے ہیں

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حیدر آباد عائشہ ابڑو نے سوشل میڈیا پر ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مسافروں سے مقرر کردہ سرکاری کرایے سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ضلع کے تمام تعلقوں کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے عوام سے نا انصافی کے عمل کو روکنے کے لیے کارروائی کریں اور انہیں اس بات کا بھی پابند بنائیں کہ وہ مسافروں سے سرکاری کرایے سے زیادہ کرایہ وصول کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں متحرک کردار ادا کریں اور مذکورہ عمل میں ملوث ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ فوری منسوخ کیے جائیں۔ اس ضمن میں سٹی مختار کار ابو بکر سدھایو نے تعلقہ میں موجود ٹرانسپورٹ کے مختلف اڈوں کا اچانک دورہ کر کے عام مسافروں سے سرکاری مقررہ کرایے سے متعلق معلومات لی، جس پر کئی مسافروں نے انہیں شکایت کی کہ خصوصی طور پر عید کے دنوں، ہفتے کے پہلے اور آخری دنوں اور دیگر چھٹیوں کے دنوں میں ٹرانسپورٹرز گاڑیوں کی کمی کا بہانہ کر کے اپنی مرضی سے کرایے میں دگنا اضافہ کر کے عوام کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہیں جس پر مختار کار سٹی نے مختلف ٹرانسپورٹ کے اڈوں کے سربراہوں کو سختی سے وارننگ دی کہ وہ اپنا رویہ تبدیل کریں بصورت دیگر کسی بھی عذر یا سیاسی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائیگا اور ملوث لوگوں کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کی گاڑیاں ضبط کرنے سمیت بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ اس موقع پر مختار کار سٹی ابو بکر سدھایو کے ساتھ پولیس اہلکار اور عملہ بھی موجود تھا۔