قادیانی لابی ناموس تحفظ نبوت قانون کو ختم کرنے کے درپے ہے

179

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت حیدر آباد کے زیر اہتمام حیدرآباد اوردیگر اضلاع میں 4 اکتوبر ختم نبوت کانفرنس میانی روڈ، ٹاور مارکیٹ کی تیاری کے سلسلے میں ختم نبوت کنونشنز منعقد کیے گئے۔ جس سے عالمی مجلس کے مرکزی ناظم تبلیغ مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی نے علما وعوام الناس سے خصوصی خطاب کیا۔ کنونشن سے مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی، مولانا توصیف احمد، مولانا سیف الرحمن، مولانا عبدالسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 7 ستمبر 1974ء کو قومی اسمبلی نے متفقہ قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا۔ قادیانیت کا کفر اراکین پارلیمنٹ کے سامنے نمایاں ہوا۔ یہ دن پوری امت مسلمہ کی فتح کا دن ہے۔ مگر قادیانی لابی اس قانون کو ختم کرنے کے درپے ہے۔ مولانا اسماعیل شجاع آبادی نے کہا کہ ہم قادیانی عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر عالمی مجلس نے حیدرآباد میں تاریخ ساز ختم نبوت کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو 4 اکتوبر جمعہ بعد مغرب میانی روڈ، ٹاور مارکیٹ حیدرآباد میں منعقد ہوگی، جس سے قاری محمد حنیف جالندھری، مولانا اللہ وسایا، سابق سینیٹر مولانا حافظ حمداللہ، مولانا عبدالمجیب قریشی، مولانا ناصر محمود سومرو، مولانا رفیق جامی جیسے نامور اکابرین خطاب کریں گے۔