وہاب ریاض کا ٹیسٹ کرکٹ سے طویل عرصے کیلیے علیحدگی کا اعلان

132

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ فاسٹ بولر وہاب ریاض نے قائداعظم ٹرافی سے دستبردار ہو کر طویل دورانیے کی کرکٹ سے غیرمعینہ مدت تک آرام کا فیصلہ کیا ہے۔ وہاب ریاض کی عمر 34 سال ہے اور پی سی بی کی یہ منتطق سمجھ سے بالاتر ہے کہ انہیں غیر معینہ مدت تک آرام دیا گیا ہے اور وہ کب پانچ روزہ کرکٹ میں شریک ہوں گے۔وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ سپورٹ اور رہنمائی پر بورڈ کا مشکور ہوں، میں نے یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر اور اپنے اہل خانہ سے مشورے کے بعد کیا ہے۔وہاب ریاض نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ میں طویل دورانیے کی کرکٹ جاری رکھوں مگر میں نے آج بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔وہاب ریاض نے کہا کہ میری بات سمجھنے پر پی سی بی کا مشکور ہوں، میں نے فرسٹ کلاس کرکٹ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ میں نے اپنی گذشتہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی پی سی بی انہیں بی سے سی کٹیگری میں رکھنے پر غور کررہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عامر کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے خلاف آنے والے ردعمل کے بعد وہاب ریاض نے فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا اور مصباح الحق کو اعتماد میں لیا۔وہاب ریاض نے کہا کہ طویل دورانیے کی کرکٹ سے علیحدگی کے دوران وہ محدود فارمیٹ کی کرکٹ میں شرکت کرتے رہیں گے، ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ کرکٹ کھیلنے کے دوران انہیں طویل دورانیے کی کرکٹ کیلئے اپنی فٹنس کو جانچنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ جب خود کو طویل دورانیے کی کرکٹ کھیلنے کا اہل سمجھوں گا اس فارمیٹ کیلئے ایک بار پھر اپنی دستیابی ظاہر کردوں گا۔اس اعلان کے بعد اب وہاب ریاض قائد اعظم ٹرافی میں جنوبی پنجاب کی نمائندگی نہیں کریں گے اس لیے جمعرات کو وہاب ریاض نے قائد اعظم ٹرافی سے قبل ٹریننگ سیشن میں بھی شرکت سے گریز کیا۔وہاب ریاض سے قبل محمد عامر بھی ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ وہاب ریاض کا پی سی بی سے سینٹرل کنٹریکٹ ہے۔ وہاب ریاض نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے اور وہ وائٹ بال کرکٹ کھیل کر اپنے کیریئر کو طول دینا چاہتے ہیں۔جنوبی پنجاب ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض نے قائد اعظم ٹرافی کیلئے لگائے گئے کیمپ میں رپورٹ نہیں کیا ہے۔قائد اعظم ٹرافی کے پہلے میچ میں سلمان بٹ بھی حصہ نہیں لیں گے۔