کشمیر کا سودا کرنے والے جیل پہنچ گئے ہیں،اعجاز شاہ

92

لاہور (خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر پر حکومت نے کیا سودا کرنا ہے، جو لوگ ایسا کر سکتے تھے ان کو اللہ تعالیٰ نے جیلوں میں بھجوا دیا نواز شریف سے ڈیل کے متعلق مجھے کچھ معلوم نہیں، ان کا کیس نیب کے پاس ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے سرگودھا
آمد پر بات چیت کرتے ہوئے نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور یہ بات میں نہیں کہ رہا بلکہ یہ بات قائداعظم فرماگئے ہیں۔1964 کے بعد پہلی مرتبہ اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل میں یہ مسئلہ اٹھایا گیا ہے۔ حکومت نے جس اچھے طریقے سے کشمیر کے مسائل دنیا کے سامنے اٹھائے ہیں اس سے بہتر طریقے سے انکو نہیں اٹھایا جاسکتا۔ کشمیر کے سودا کرنے کی باتیں غلط ہیں اور جو لوگ کشمیر کا سودا کر سکتے ہیں اللہ نے انہیں جیل بھیج دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ڈیل کے حوالہ سے جاری اطلاعات کے بارے میں انکو کوئی خبر نہیں ہے۔وہ نیب کے قیدی ہیں اور وہ ہی انکا فیصلہ کریں گے۔ نواز شریف کا فیصلہ نہ تو میں کرسکتا ہوں اور نہ ہی کیبنٹ۔مولانا فضل الرحمن کو حکومت کے خلاف احتجاج کے موقع پر کنٹینر فراہم کرنے کے سوال پر انہوں نے صحافی پر سوال کر ڈالا کہ آپ کیا کرتے، صحافی نے جواب دیا کہ میں کنٹینر دے دیتا جس پر اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ پھر ہم بھی دے دیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے چک 47 شمالی میں جنرل ریٹائرڈ ارشاد تارڑکی بیوی کے نماز جنازہ میں شرکت کی اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی اس موقع پر سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔
وزیر داخلہ