کراچی کو الگ کرنے کی بات ناقابل قبول ہے،پیر پگاڑا

107

کراچی (نمائندہ جسارت) جی ڈی اے کے سربراہ پیرپگاڑا نے کراچی میں آئین کے آرٹیکل 149 کے نفاذ کے معاملے پر کہا ہے کہ وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کے بیان پر حیرت ہوئی،فروغ نسیم کو بہت سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے تھی، کراچی کو الگ کرنے کی بات ناقابل فہم اور ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان وجود میں آیا کراچی دارالحکومت تھا، بھارت سے ہجرت کرکے
آنیوالوں کی اکثریت نے کراچی میں قیام کو ترجیح دی، اچانک دارالحکومت کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا، دارالحکومت کو منتقل کرنے پر قومی خزانے سے اربوں روپے خرچ ہوئے، کراچی سے دارالحکومت منتقل کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو الگ کرنے کی بات ناقابل فہم اور ناقابل قبول ہے،اس وقت بھی سیکورٹی کے اعتبار سے ملک کا دارالحکومت کراچی زیادہ محفوظ ہے، فروغ نسیم کو چاہیے کہ وہ دارالحکومت کراچی واپس لانے کا مطالبہ کریں۔ پیر پگاڑ ا نے کہا کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات درست نہیں، اگر دارالحکومت اسلام آباد منتقل کیاگیا تو اس وقت کے دارالحکومت میں رہنے والوں کو کیوں منتقل نہیں کیا گیا۔
پیر پگاڑا