ڈیل کی خبروں میں صداقت نہیں،اسپیکر تھانیدار بنا ہوا ہے،شاہد خاقان عباسی

236

اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ڈیل کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،چیئرمین نیب کے تقرر پر قوم سے معافی مانگتا ہوں، اسپیکر تھانیدار بنا ہوا ہے ۔ احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں گرفتار شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی۔زرداری کو جیل میں سہولیات فراہمی سے متعلق درخواست پر سماعت آج تک ملتوی۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ڈیل کی خبروں میں کوئی صداقت نہیںہے،چیئرمین نیب کے تقرر پر قوم سے معافی مانگتا ہوں، اسپیکر اس وقت تھانیدار بنا ہوا ہے اسپیکر کا کام ارکان اسمبلی کی مدد کرنا ہوتا نہ کہ انہیں تنگ کرنا۔ ان کا کہنا تھا کہمجھ پر الزم لگایا گیا ہے کہ میں وزارت خارجہ کی گاڑی استعمال کرتا ہوں ملک کا وزیراعظم تھا، بتا دیتے تو آفس پہنچنے کے لیے تانگہ یا اوبر کرا لیتا ایک سال سے نیب تفتیش کر رہا ہے، 55 دن سے ریمانڈ چل رہا ہے، ابھی تک کیس سمجھ نہیں آیا، نیب کا ادارہ ہی غلط ہے یہ ن لیگ کو توڑنے کے لیے بنایا گیا تھایہ کیسا ادارہ ہے کہ پہلے سابق وزیراعظم کو گرفتار کرتے ہیں اور اس کے بعد ان کے خلاف کیس بناتے ہیں میں نے اگر کوئی کرپشن کی ہے تو بتائیں ،تفتیشی افسر کہتا ہے کہ کابینہ کا فیصلہ غلط تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ فیصلہ ہونا چاہیے کہ ملک کابینہ نے چلانا ہے۔جمعرات کو جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر نیب حکام کی جانب سے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ نیب حکام نے شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی ۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ کراچی سے لائے گئے ریکارڈ اور شواہد پر مزید تفتیش کرنا چاہتے ہیں۔عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 26 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔علاوہ ازیں احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کو جیل میں سہولیات فراہمی سے متعلق درخواست پر سماعت بغیر کسی کاروائی کے آج (جمعہ)تک ملتوی کر دی۔