شہباز شریف کے ہتک عزت کے دعوے پر وزیراعظم سے جواب طلب

133

لاہور(نمائندہ جسارت)لاہور کے سیشن کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی جانب سے ہتک عزت کے دعوے پر وزیراعظم عمران خان سے جواب طلب کرلیا۔ایڈیشنل سیشن جج امجد علی نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے آغاز پر شہباز شریف کی جانب سے مصطفی رمدے نے عدالت میں دلائل دیے اور روزانہ کی بنیاد پر مقدمے کی سماعت کے لیے درخواست دائر کی۔شہباز شریف کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت عمران خان کا جواب جمع کرانے کا حق منجمد کرے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ساجد منور عدالت میں پیش ہوئے تھے۔شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ عمران خان نے پانامہ لیکس کے معاملہ پر رشوت دینے کا جھوٹا الزام عائد کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو رشوت کی آفر نہیں کی۔مصطفی رمدے نے استدعا کی عمران خان کے بیان سے میرے موکل کی شہرت کو نقصان پہنچا اس لیے عدالت تحریک انصاف کے سربراہ کو 100 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔بعدازاں عدالت نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف دائر مقدمے میں ان سے جواب طلب کرلیا اور کیس کی سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ عمران خان نے اپریل 2017 میں الزام لگایا تھا کہ شہباز شریف نے پاناما لیکس کے معاملے پر چپ رہنے اور موقف سے پیچھے ہٹنے کے لیے انہیں 10 ارب روپے کی پیشکش کی۔10 ارب روپے کی پیشکش کے اس الزام پر ہتک عزت کا دعوی دائر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا کیس دائر کیا تھا۔