نفرت انگیز تقریر،لندن پولیس کی الطاف حسین سے پوچھ گچھ ،ضمانت میں توسیع

156

لندن(صباح نیوز)لندن پولیس نے بانی متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین کی ضمانت میں دوسری بار ایک ماہ توسیع کر دی ہے۔نفرت انگیز تقاریر کے الزام میں لندن پولیس نے الطاف حسین کو جمعرات کو پھر پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔جس پر بانی ایم کیو ایم جمعرات کو انٹرویو دینے وسطی لندن کے پولیس اسٹیشن پہنچے۔لندن پولیس کے مطابق پوچھ گچھ کے بعد الطاف حسین کی ضمانت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی تاہم ان کے خلاف تحقیقات جاری رہیں گی۔یاد رہے کہ بانی ایم کیو ایم کو نفرت انگیز تقریر کرنے کے جرم میں رواں برس11جون کو گرفتار کیا گیا تھا۔بانی ایم کیو ایم کو پولیس کے کائونٹر ٹیررازم کمانڈ کے افسران نے گرفتار کیا تھا اور انہوں نے گرفتاری کے بعد ایک رات حوالات میں گزاری تھی۔گرفتاری کے وقت پولیس افسران نے الطاف حسین کی رہائش گاہ کی تلاشی بھی لی تھی ۔گرفتاری کے بعد بانی ایم کیو ایم کو جولائی میں ایک مرتبہ ضمانت میں توسیع مل چکی ہے۔بانی ایم کیو ایم کے خلاف اگست2016ء میں نفرت انگیز تقریر کے الزام میں تحقیقات کا آغاز ہوا تھا۔