کچرے اور گندگی سے متعلق درخواست :سیکرٹری بلدیات، مئیر کراچی ودیگر کو نوٹس

260

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے شہر کراچی کے کچرے اور گندگی میں تبدیل ہونے سے متعلق سیکرٹری بلدیات، مئیر کراچی وسیم اختر کو نوٹس جاری کردیے۔ جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسز کوثر سلطانہ حسین پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے روبرو شہر کراچی کے کچرے اور گندگی میں تبدیل ہونے سے متعلق صفائی نہ کیے جانے پر خاتون شہری کی درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار ارم ریاض احمد ایڈووکیٹ نے موقف اپنایاکہ سندھ حکومت، مئیر کراچی و دیگر ادارے اپنی ذمے داریاں ادا نہیں کر رہے، شہر میں اب بھی مختلف مقامات پر قربانی کی آلائشیں پڑی ہیں، گندگی کے باعث شہر میں مکھیوں، مچھروں کی بھرمار ہے،گندگی کے باعث شدید تعفن اور پیچیدہ بیماریاں پھیل رہی ہیں، شہری کانگو، گلے،پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں،اداروں کوفوری انتظامات کرنے کی ہدایت دی جائے،حکومت کو صفائی سے متعلق شعوری آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت دی جائے،بروقت انتظامات نہ کیے گئے تو شہر مزید سنگین صورتحال اختیار کر جائے گا۔عدالت نے سیکرٹری بلدیات، مئیر کراچی،چیئرمین ڈی ایم سیز، کنٹونمنٹ بورڈز و دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔عدالت نے درخواست گزار کو فریقین کے درست پتوں کا اندراج کرنے کی بھی ہدایت کردی۔