بلاول عوام کو اشتعال دلاکر سندھ کارڈ استعمال کررہے ہیں، ایم کیو ایم

104

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیوایم پاکستان کے ترجمان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی حیدرآباد میں ہونے والی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ملک میں انتظامی اور آئینی تبدیلوں کی بات ہوتی ہے پیپلز پارٹی کو ملک کی سا لمیت خطر ے میں نظر آتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئر مین اپنے پیش روں کی طرح سندھ کارڈ استعمال کرتے نظر آرہے ہیں اور عوام کو اشتعال دلا کر اپنا ووٹ بینک لسانی بنیادوں پر مضبوط کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ آئین کا آرٹیکل 149کی ذیلی شق 4آئین سے ماورا نہیں ہے اسی آئین کا حصہ ہے جواسلامی جمہوریہ پاکستان میں نافذ ہے اور پیپلز پارٹی فخر کے ساتھ اس کے خالق ہونے کا دعو یٰ کرتی ہے۔ ایم کیوایم پاکستان کے ترجمان نے مزید کہا کہ صوبائی خودمختاری ملنے کے بعد تمام اختیارات پر صوبہ قابض ہو جائے اور وسائل پر قبضہ کر لے اور عوام کا معیار زندگی غربت کی انتہائی حد تک پہنچنے لگے تو ایسی صورت میں کیا وفاق آنکھیں بند کر لے؟ نہیں جو اختیار آئین پاکستان نے اسے دیا ہے وہ اسے استعمال کرے گا۔ جب صوبہ عوام کو بنیادی حقوق اور سہولتیں دینے میں ناکام ہوجائے تو عوام کے مفاد میں وفاق ہر آئینی قدم اٹھا سکتا ہے۔ جب بھی پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار سے باہر ہوتی ہے تو اسے سندھو دیش کی یاد ستاتی ہے لیکن اب تو اس سے بڑ ھ کر سرائیکی دیش اور پختونستان کی بات بھی کی جارہی ہے محب وطن سیاسی جماعتیں اور ارباب اقتدار بلاول زرداری کی ملک دشمن پریس کانفرنس کا نوٹس لیں۔