اتحادی جماعت کو ساتھ لے کرچلیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب

197

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں قائمقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ملاقات کی ،جس میںباہمی دلچسپی کے ا مور ، فلاح عامہ کے منصوبوںاور ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میںدونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے ملک کر کام کرتے رہیں گے۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے غیر قانونی و غیر آئینی بھارتی اقدام اور کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی شدید مذمت کی گئی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکر عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور اتحادی جماعت کو ساتھ لے کرچلیں گے،تنقید کی پروا نہیں صرف عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر آگے بڑھ رہے ہیں ۔سابق دور میں صوبے کے عوام کی بنیادی ضروریات اور ترجیحات کو نظر انداز کیا گیا، عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گز رچکا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار عوامی ترجیحات کا درست تعین کیا ہے۔ ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے، نیا بلدیاتی نظام عوامی خدمت کو نئی جہت دے گا۔ تحریک ا نصاف کی حکومت ایسا بلدیاتی نظام لا رہی ہے جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا-چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ تھے،ہیں اور رہیںگے۔مل جل کر صوبے کے عوام کوریلیف فراہم کرنے کے لیے کام کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار صوبے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں ۔میر ے دور حکومت میں پنجاب ترقی کی عملی تصویر پیش کررہا تھا۔ہم نے صوبے کے خزانے کو سرپلس چھوڑا ،بدقسمتی سے ماضی کی حکومت نے صوبے کو دیوالیہ کردیا۔میرے دور کے مفاد عامہ کے منصوبوں کو ذاتی انا کی بھینٹ چڑھایا گیا۔ فلاح عامہ کے ا ن منصوبوں میں تاخیر کا نقصان صوبے کے عام آدمی کو ہوا۔