کراچی میں آرٹیکل 149 کے نفاذ سے وفاق کمزور ہوگا، محمد زبیر

117

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق گورنر سندھ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ عمران خان 18 ویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم آرٹیکل 149 کے نفاذ کا اعلان کرنے کے لیے کراچی آرہے ہیں تو اپنے رسک پر آئیں۔ سندھ کا ایک شخص بھی آرٹیکل 149 کو قبول نہیں کرے گا۔ جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سندھ کو تقسیم کرنے کی بات خطرناک ہے۔ کراچی کو سندھ سے الگ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 149 کے نفاذ کو مسترد کرتے ہیں۔ اگرکراچی میںآرٹیکل 149 لگادیا گیا تو وفاق کا ڈھانچا کمزور ہوگا۔ پی ٹی آئی تقسیم کے علاوہ کیاچاہتی ہے؟یہ خطرناک کھیل ہے،پہلی مرتبہ کسی وفاقی حکومت نے آرٹیکل 149کی بات کی ہے، کراچی سے منتخب پی ٹی آئی کے ایم این ایز کہاں ہیں؟۔پیپلزپارٹی کو تحریک انصاف خود موقع دے رہی ہے۔فروغ نسیم کو کوئی نہیں نکال سکتا اس کی نوکری پکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہر میں کچرے پر سیاست ہورہی ہے، ڈھائی کروڑ کی آبادی والے شہر کی بچگانہ طریقے سے صفائی کی جارہی ہے۔ ایک علاقے سے کچرا اٹھا کر دوسرے علاقے میں ڈمپ کیا جارہا ہے۔ ن لیگ کی حکومت سے قبل کراچی دنیا کا خطرناک ترین شہر تھا۔ ہم نے آرٹیکل 149 لگائے بغیر شہر کو پرامن بنایا۔