بائیومیٹرک کے خوف سے اساتذہ ریٹائرمنٹ نہیں لے رہے ، تنظیم اساتذہ

137

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) تنظیم اساتذہ ضلع نوابشاہ نے ضلع بھر کے اساتذہ کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پر علم احتجاج بلند کر دیا، تنظیم اساتذہ کے صدر عبدالرحیم نے کہا بائیومیٹرک کے خوف سے اساتذہ ریٹائرمنٹ نہیں لے رہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ جو گھوسٹ ملازمین تھے وہ اب بھی ہیں اور ان کو بائیومیٹرک سسٹم سے کوئی خطرہ نہیں کیونکہ وہ پیداوار ہی ان لوگوں کی ہیں جنہوں نے بایومیٹرک سسٹم متعارف کروایا۔ انہوں نے سب سے پہلے اپنے چہیتوں کو تحفظ فراہم کیا اور تعلیم کو برباد کرنے کے پروگرام پر عمل شروع کردیا، سب سے پہلے انہوں نے وہ اسکول بند کرنا شروع کردیے جن کی اپنی SNE نہیں تھی اور مقامی افسران ان کو adjustment کے ذریعے چلا رہے تھے، ایسے اسکولوں کو بند کرنے کے بعد انہوں نے ان اسکولوں کو تباہ کرنا شروع کیا جن کی SNE کم تھی مگر طالبعلموں کی تعداد بہت زیادہ، مقامی افسران نے ان کی کمی کو local adjustment کے ذریعے پورا کیا اور ان اسکولوں کو چلاتے رہے، اساتذہ کے ریٹائر ہونے کے بعد وہ اسکول بھی متاثر ہوئے اور آخرکار بند ہوگئے، رہی سہی کسر اسکولز کو گود لینے والی پالیسی نے پوری کردی، تباہی کا یہ مرحلہ پورا ہونے کے بعد کرپشن مافیا نے ٹیچرز کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا شروع کردیا، ان کی سینیارٹی پر ڈاکا ڈالا گیا، پروموشن پر ڈاکا ڈالا گیا، تنظیم، یونین سازی پر ڈاکا ڈالا گیا۔ پولیس کے ذریعے ٹیچرز پر تشدد کرنا شروع کردیا، اپنے ہاتھوں سے کیے گئے ٹیچرز کی تقرری کے آرڈر کو جعلی قرار دے کر ٹیچرز کو بے روزگار کرنا اور تین تین سال تک تنخواہوں کی ادائیگیاں روک دی گئیں۔ کرپٹ اور شوباز جیالوں پر مشتمل کمیٹیاں، نام نہاد پاکٹ یونین تشکیل دے کر اساتذہ بالخصوص لیڈی ٹیچرز کو بلیک میل اور ہراساں کرنا شروع کردیا۔