آج پورے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں مظاہرے کیے جائیں

89

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے اپیل کی ہے کہ آج پورے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں مظاہرے کیے جائیں ،علما کرام اور خطبات حضرات جمعہ کے خطبات میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے عوام کو آگاہ کریں ،جماعت اسلامی صبح آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہے گی کشمیریوں کی قربانیوں کو رائیگان نہیں جانے دے گی ،امرا اضلاع طے شدہ پروگرام جاری رکھیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی ذمے داران کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں کام کا جائزہ لیا گیا ڈویژن کے ذمے داران نے رپورٹس پیش کیں مستقبل کی منصوبہ بندی کی گئی امیر جماعت اسلامی نے آل پارٹیز کانفرنس میں ہونے والے فیصلوں کے حوالے سے بریفنگ دی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ قابض بھارتی افواج نے 80لاکھ کشمیریوں کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا رکھا ہے ضروریات زندگی ناپید ہیں لیکن کشمیری ہیں کہ جھکنے کا نام نہیں لیتے 200سال سے آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والی قوم کو مودی جھکا نہیں سکتا کشمیر نے آزاد ہونا ہے کشمیر کی آزادی ہندوستان کی بربادی کا عنوان بنے گی مودی کے عزائم دنیا پر آشکار ہو چکے ہیں انہوں نے کہاکہ مودی اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا میں بے نقاب ہو رہا ہے جنیوا میں 58ممالک نے متفقہ طور پر بھارت کے مظالم کی مذمت اور کرفیو اٹھانے کا کہا جو قابل ستائش ہے کشمیری اس کامیاب سفارت کاری کی قدرکرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کی جانب سے اقدامات میں تیز ی لائی جائے کرفیو اٹھانے اور کشمیریوں کو آزادی دلوانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں ۔