سائٹ ایریا:ٹرالرڈرائیور کے تشدد سے ٹریفک پولیس اہلکار بے ہوش

109

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سائٹ ایریا میں حب ریور روڈ پر ٹرالر ڈرائیور نے ٹریفک پولیس اہلکارکو تشدد کا نشانہ بناڈالا جس کے باعث ٹریفک پولیس اہلکار بے ہوش ہوکرسڑک پرگرگیا۔آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی اور ایس ایس پی ویسٹ سے تمام تر ضروری قانونی اقدامات پر مشتمل علیحدہ علیحدہ رپورٹس فی الفور طلب کرلی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار نے ٹرالرڈرائیورکوہیوی ٹریفک کے لیے بند شاہراہ پر جانے سے روکا جس پر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی۔ ڈرائیور نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر ٹریفک پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی وڈیومنظرعام پر آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دوسرا ٹریفک پولیس اہلکار ٹرالر ڈرائیورکو پکڑنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے بھی دھکے دیے جاتے ہیں۔بعدازاں بے ہوش ٹریفک پولیس اہلکارکو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی شناخت حاصل کے نام سے ہوئی جو بلدیہ ٹاؤن ٹریفک سیکشن میں تعینات ہے۔ٹریفک پولیس اہلکار پر تشدد کے حوالے سے میڈیا فوٹیج پر آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی اور ایس ایس پی ویسٹ سے تمام تر ضروری قانونی اقدامات پر مشتمل علیحدہ علیحدہ رپورٹس فی الفور طلب کرلی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرک ڈرائیور کے تشدد سے زخمی ٹریفک اہلکار کو تمام ترابتدائی طبی امداد فراہم کی جائے اور واقعے کی تفتیش انتہائی غیرجانبداری سے کرتے ہوئے متاثرہ اہلکار کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔