کراچی کی افادیت ہی اس کے لیے خطرہ بن گئی ہے،مصطفی کمال

135

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی مسائل کا گڑھ بنا ہوا ہے اور موجودہ حالات میں مسائل سے نکلنے کے لیے کراچی والوں کو تجربہ کار قیادت کی ضرورت ہے۔ صرف پاک سرزمین پارٹی ہی کراچی سمیت پورے پاکستان کے مسائل حل کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں کراچی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر سید آصف حسنین بھی موجود تھے۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی پاکستان کو 70 فیصد ریوینیو دیتا ہے۔ اس کی افادیت ہی اس کے لیے خطرہ بن گئی ہے۔ اس شہر میں ملک دشمن ایجنسی را نے اپنے ایجنٹس کے ذریعے اپنا تسلط قائم کر رکھا تھا اور انکے ذریعے یہاں کی انڈسٹری اور انفرااسٹرکچر تباہ کرنے کی سازش کر رہی تھی تاکہ پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جا سکے۔ ایسے میں ہم نے ناصرف اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر پاکستان کی جنگ لڑی ہے بلکہ ہم نے کامیابی سے را کے سیٹ اپ کا تسلط کراچی سے ختم کرایا اور اب یہاں کی رونقیں بھی بحال کریں گے۔ کراچی کو لسانیت کی آگ کے ذریعے آگ و خون میں نہلا دیا گیا تھا۔