پاکستان علما کونسل آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر و فلسطین منائے گی

194

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان علما کونسل کی اپیل پر آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر و فلسطین منایا جائے گا، اسرائیل اور بھارت نے جارحیت کی انتہا کر دی ہے وزیراعظم اسرائیل کا اردن کی پٹی کو اسرائیل میں شامل کرنے کا اعلان امت مسلمہ کیلیے لمحہ فکر ہے، 40 روز سے کشمیری کرفیو کی حالت میں ہیں، اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم فوری کردار ادا کریں۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل اور صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا عبدالکریم ندیم، مولانا عبدالحمید وٹو، مولانا ایوب صفدر، مولانا اسداللہ فاروق، مولانا اسد زکریا، مولانا اسیدالرحمٰن، مولانا قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا نعمان حاشر، مولانا ابوبکر صابری، مولانا اشفاق پتافی، مولانا عثمان بیگ فاروقی اور علامہ طاہر الحسن نے اپنے مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کشمیر و فلسطین کی صورت حال پر مزید خاموشی سے دنیا کا امن تباہ ہو جائے گا دنیا کو بھارت اور اسرائیل کو سفاکیت اور جارحیت سے روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا اسرائیلی وزیر اعظم کے بیان اور کشمیر کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم اور سعودی عرب کا مؤقف درست ہے۔ خادم الحرمین شریفین اور عمران خان کو اسلامی سربراہان سے رابطے کرکے اسلامی سربراہی کانفرنس کا فوری اجلاس بلانا چاہیے اور افسوس ناک صورتحال کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔