ایل او سی پر فائرنگ پاک فوج کا جوان شہید،چینی بھارتی فوج میں بھی جھڑپیں

457

راولپنڈی/نئی دہلی(خبر ایجنسیاں) ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری، پاک فوج کا جوان شہید ہو گیا جبکہ لداخ میں بھی بھارتی اور چینی افواج کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے حاجی پیر سیکٹر پر واقع کنٹرول لائن (ایل او سی) کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کی زد میں آکر پاک فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا۔شہید ہونے والے سپاہی غلام رسول کا تعلق بہاولنگر سے تھا۔پاک فوج کی جانب سے بھی بھر پور جوابی کارروائی کی گئی اور دشمن کی توپوں کو خاموش کرا دیا۔کچھ روز قبل بھی بھارتی فوج نے ایل او سی خلاف ورزی کی تھی اور بلا اشتعال فائرنگ کی زد میںآ کر 3 سالہ بچی سمیت 2 شہری شہید اور 3 زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں کو فوری طور قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جبکہ بھارتی گولہ باری سے ایل او سی کے قریب واقع 3 گھروں آگ لگ گئی تھی جس میں موجود تمام سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔دوسری جانب بھارتی اور چینی افواج کے درمیان لداخ کے علاقے میں ہاتھا پائی ہوئی جس کے نتیجے میں سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت اور چین کی افواج کے درمیان تصادم کا واقعہ مشرقی لداخ میں 134 کلومیٹر طویل پان گونگ ٹسو جھیل کے شمالی کنارے پر اعلیٰ الصبح پیش آیا۔بھارتی فوج کے ایک دستے نے گشت کے دوران چین کے علاقے میں دراندازی کی جس پر اس کا سامنا چینی فوج سے ہوا۔ چین کی پیپلز لبریشن آرمی نے اس علاقے میں بھارتی فوج کی موجودگی پر سخت اعتراض اٹھایا۔اس دوران بھارتی افواج کی جانب سے بلاوجہ اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کیا گیا جس کے نتیجے میں نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی اور دونوں افواج کے سپاہی ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوگئے تاہم انہوں نے اسلحہ کے استعمال سے گریز کیا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دونوں افواج نے علاقے میں اپنی اپنی اضافی نفری طلب کرلی اور شام تک کشیدگی کا یہ سلسلہ برقرار رہا۔ تنازع کو حل کرنے کے لیے بھارت اور چین کے درمیان بریگیڈ سطح کے مذاکرات ہوئے جس میں کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت اور چین کے درمیان لائن آف اکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے بارے میں مختلف نقطہ نظر کی وجہ سے اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں۔15 اگست 2015 کو بھی دونوں ممالک کی افواج کے درمیان اسی علاقے میں ایک بڑی جھڑپ ہوئی تھی جس میں لاتوں، گھونسوں اور سریوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا تھا جس سے متعدد فوجی زخمی ہوگئے تھے۔بھارتی فوج اگلے ماہ ریاست ارونا چل پردیش میں بڑی فوجی مشقیں ’ہم وجے‘ کرے گی جس میں اپنی نئے فورس انٹی گریٹڈ بیٹل گروپس (آئی بی جیز) کی جنگی صلاحیتوں کی آزمائش کی جائے گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ان مشقوں میں 15 ہزار فوجی حصہ لیں گے جبکہ چین کو ان فوجی مشقوں سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا ہے، حالانکہ چینی صدر شی جن پنگ ایک اجلاس میں شرکت کے لیے اگلے ماہ بھارت کا دورہ کریں گے۔