صدارتی خطاب کے موقع پر اپوزیشن کی شدید ہنگامہ آرائی،کشمیر کا سودا نامنظور کے نعرے

197

اسلام آباد(صباح نیوز) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدارتی خطاب کے موقع پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید ہنگامی آرائی کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑدیں، گو نیازی گو، کشمیر کا سودا نامنظور، غنڈہ گردی کی سرکار نہیں چلے گی ، نہیں چلے گی، اسپیکر کو رہا کرو اور دیگر نعرے لگائے، صدر مملکت کے گھیرائو کی کوشش پر سارجنٹس سامنے آگئے، پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے ارکان الجھ پڑے ، ایک دوسرے کے گریبان پکڑ لیے، صدر مملکت کی آواز دب کر رہ گئی ، وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے،عسکری قیادت، غیر ملکی سفارتکاروں، وزیراعظم آزاد کشمیر، وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور دیگر مہمانان بھی وزیٹر گیلریوں میں موجود تھے۔جمعرات کی شام پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 21منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔اس دوران اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف ایوان میں آئے ، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور شہباز شریف نکتہ اعتراض پر بات کرنا چاہتے تھے تاہم اسپیکر اسد قیصر نے صدر مملکت کو خطاب کی دعوت دے دی جس پر ایوان میں گو نیازی گو کے نعرے لگ گئے ، اپوزیشن ارکان نے سخت ہنگامی آرائی کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کا گھیرائو کرلیا ۔