پارلیمنٹ نے جمہوری سال مکمل کرلیا‘فردوس عاشق

191

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے جمہوری سال مکمل کرلیاہے،پارلیمنٹ اب فنکشنل اور کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔وزیراعظم مظفرآباد میں بھارتی چہرے کو بے نقاب کریں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کو تقسیم کرنے کے حوالے سے بیان کی مذمت کرتی ہوں، جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر ذاتی مفادات کا تحفظ کرنے والوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کر دیا۔آئین کے آرٹیکل 149کے حوالے سے وزیر قانون کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا حکومت نے کہیں بھی گورنر راج لگانے کی بات نہیں کی اور نہ ہی حکومت کسی صوبے کے جمہوری حق کو سلب کرنا چاہتی ہے۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم مظلوم کشمیریوں کے حقمیں یورپی یونین کا جو اعلانیہ جاری ہوا ہے وہ پاکستان کی مثبت کوششوں کے تسلسل کا نتیجہ ہے۔ کل پوری قوم یکجا ہو کر مظفرآباد میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑی نظر آئے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت ظلم، جبر اور تشدد سے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا، پوری دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی وحشیانہ کارروائیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ صدارتی خطاب میں کشمیر کاز کے حوالے سے حکومتی کوششوں کو سراہا گیا ہے، اپوزیشن کے رویے سے پوری قوم کو پتا چل گیا کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر کتنی سنجیدہ ہے۔