امن کیلیے پولیس ،رینجرز کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کرسکتے ،مراد علی شاہ

123

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ محرم الحرام کے حوالے سے صوبے میں کافی سیکورٹی خدشا ت تھے، سیکورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے۔اللہ کا شکر ہے کہ یوم عاشورپرامن ماحول میں اختتام پزیر ہوا۔علماء کی جانب سے تعاون کرنے پر ان کے ممنون ہیں۔ سندھ پولیس اور رینجرز کی قیام امن کے لیے قربانیوں کو نظر انداز نہیں کرسکتے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے دادن شاہ حیدرآباد میں یو م عاشور کے جلوس کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پروزیر اطلاعات سعید غنی،ایم پی ایز شرجیل میمن،عبدالجبار خان،اے آئی جی حیدرآباد ولی اللہ دل،ڈی آئی نعیم شیخ،ڈپٹی کمشنر عا ئشہ ابڑو، ایس ایس پی عدیل چانڈوبھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ محرم الحرام کے یوم عاشور کے موقع پر سندھ کے مختلف شہروں ،کراچی، حیدرآباد، سکھر میں حکومت سندھ کی جانب سے تشکیل کردہ سیکورٹی پلان پر عمل درآمد انتظامات کا جائزہ لینے اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا احوال لینے کے لیے یہاں آیا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی سرحدوں پر پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال حال کو مد نظر رکھ کر سندھ حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے صوبے بھر میں یوم عاشورکے حوالے سے سیکورٹی کے فول پروف اقدامات کیے گئے۔ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے علماء کی جانب سے محرم الحرام کے دوران مکمل تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ اس سال عاشورہ کے حوالے سے کافی خدشات تھے اس لیے سیکورٹی کے موثر اقدامات کیے۔ اللہ کے کرم سے یوم عاشور خیریت سے گذر گیا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ ہم نے شہید کربلا حضرت امام حسین ؓ کی قربانیوںکی یاد میں برآمد ہونے والے ماتمی جلوسوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔ انہوںنے صوبے میں پولیس اور رینجرز کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پولیس اور رینجرز نے دن رات امن وامان کے قیام کے استحکام کے لیے بھر پور کردار ادا کیا ہے۔ ماضی میں بھی پولیس اور رینجرز کے جوان اپنی جانوں کی قربانی دے کر عوام کو تحفظ فراہم کرتے رہے ہیں ہم ان کی قربانیوں کو کسی صورت نظر انداز نہیں کرسکتے ۔
مراد علی شاہ