فریال تالپور کو اسمبلی نہ لایا گیا تو وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دینگے، سعید غنی

128

کراچی(نمائندہ جسارت) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے باوجود فریال تالپور کو 13 ستمبر کو اسمبلی میں آنے کی اجازت نہ ملی تو ہم 14 ستمبر کو پنجاب کے وزیراعلیٰ ہاؤس جاکر احتجاج اور دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔ ایم کیو ایم والوں نے 30 سالہ سیاست سے کچھ نہیں سیکھا وہ ہمیشہ استعمال ہوتے رہے ہیں اور آج بھی ہو رہے ہیں، اگر وزیراعظم مسائل کے حل کیلیے سنجیدہ ہیں توکلین کراچی مہم کی حقیقت معلوم کریں شاید وہ علی زیدی کو وزارت سے ہی ہٹا دیں، کراچی کیلیے اعلان کردہ 162 ارب روپے دے دیے جائیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ سعید غنی نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس جاکر ان کو یاد دلائیں گے کہ وہ آئین کی پاسداری کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گرد نہیں سیاسی لوگ ہیں اور پر امن احتجاج پر یقین رکھتے ہیں اگر وہ ڈنڈے ماریں گے تو ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں لیکن ہم قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج جاری رکھیں گے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ خان صاحب نے معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ اقتدار کی خواہشات پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے دل میں تڑپ رہی ہوں گی، مگر یہ خواہشات آئین و قانون سے بڑ ھ کر نہیں ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلیے ایک کمیٹی بنانے کی بات کی جارہی ہے۔ اس سے پہلے کراچی ٹرانسفارم کمیٹی بنائی گئی تھی اور وزیراعظم نے 162 ارب کے پیکج کا اعلان کیا تھا، جو صرف اعلان ہی ثابت ہوا۔ کچھ نہ کریں کراچی کے 162 ارب روپے دے دیں۔ جبکہ اس کے برعکس بجٹ میں صرف 12 ارب رکھے گئے ہیں جن میں سے صرف 3 ارب روپے ملیں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی نظام میں ترمیم وفاقی حکومت کا کام نہیں ہے۔ اگر ایسا کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم مزاحمت کریں گے۔ عوام ابھی تک علی زیدی کی کلین کراچی مہم کے نتائج بھگت رہے ہیں۔ جس میں ڈیڑھ لاکھ ٹن کچرا اٹھانے کا دعویٰ کیا گیا تھا جس میں سے صرف 13 ہزار ٹن لیند فل سائٹ تک پہنچایا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محرم کے بعد وزیراعلیٰ نے صفائی کا کام جاری رکھنے کا کہا ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ کے ایم سی اور ڈی ایم سی سمیت کونسلز کے سربراہ موجود ہیں تو ہم نے ان کے کام میں مداخلت کرنے کہ کوشش نہیں کی ہم یہ چاہتے تھے کہ وہ اپنے معاملات صحیح سمت میں کریں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جب تک میئر اپنے اداروں کو ٹھیک نہیں کریں گے ہم کچھ نہیں کرسکتے۔ سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے مسائل پر ہم سب سے زیادہ کام کر رہے ہیں اور کراچی پر 100 ارب سے زائد خرچ کر چکے ہیں۔
سعید غنی