پوری دنیا بھارتی جبر کیخلاف یک زبان ہے‘ فردوس عاشق

561
سیالکوٹ: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان شہدائے کربلا کانفرنس سے خطا ب کر رہی ہیں
سیالکوٹ: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان شہدائے کربلا کانفرنس سے خطا ب کر رہی ہیں

اسلام آباد/ سیالکوٹ (نمائندہ جسارت/ اے پی پی) معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پوری دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر اور طاقت کے بہیمانہ استعمال کے خلاف یک زبان ہے‘ جینوا میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر 50 سے زاید ممالک کا مشترکہ اعلامیہ بھارت کے لیے آئینہ ہے جس میں وہ انسانیت کے خلاف اپنے جرائم کو دیکھ سکتا۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عالمی برادری کا کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہونا اور بھارت سے بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری کا مطالبہ مظلوموں کے لیے باعث حوصلہ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن صاحب بلاول کے بیان کا مطلب ہے ’’جاگدے رہنا، ساڈے تے نہ رہنا‘‘، بلاول صاحب چاہتے ہیں کہ دھرنا مولانا صاحب اور ان کے مدارس کے بچے دیں اور وہ بلٹ پروف گاڑی سے اتر کر کرسی پر بیٹھ جائیں‘ پہلے دن کہا تھا کہ اپوزیشن ’’آپس میں سیاست کر رہی ہے‘‘ ، اصل میں ’’اپوزیشن کو خود اپوزیشن سے خطرہ‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب موروثی سیاست اور مال بچاؤ پارٹیاں آپ کو قربانی کا بکرا بنانے کی سازش کر رہی ہیں‘ بلاول صاحب ملک کا دورہ کرنے کے بجائے کراچی کا دورہ کرکے وہاں پھیلے کچرے کی صفائی پر توجہ دیں۔ دریں اثنا سیالکوٹ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج کشمیریوں کی قربانیاں کربلا کی یاد تازہ کر رہی ہیں اور اقوام عالم کی توجہ کی طالب ہیں‘ ظلم کے خلاف ڈٹ جانے والے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں‘ آج کشمیریوں سے ان کے مذہبی حقوق بھی چھین لیے گئے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ امام عالی مقام نے اپنی ذات پر دین اسلام کا عملی نفاذ کر کے کربلا کے میدان میں باطل کو للکارا اور ظلم کے خلاف چٹان بن کر کھڑے رہے ۔
فردوس عاشق