بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی عذاب بنادی،حافظ طاہر مجید

152

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ حیسکو انتظامیہ کے ماہ محرم الحرام میں لوڈ شیدنگ نہ کرنے کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے۔ شہر بھر میںشدید گرمی کے دوران غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ کا سلسلہ بدستورجاری ہے۔ حیدرآباد میں شدید گرمی وحبس اور بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی عذاب بنادی ہے۔ لوگ رات جاگ کر گزارنے پر مجبو ر ہیں۔بیمار اورمعمرحضرات کی حالت غیر ہوگئی ہے۔ حیسکو نے بجلی بند کرکے پانی بھی بند کردیا ہے جبکہ معمولی خرابی پر 24گھنٹے بجلی بند کردی جاتی ہے۔ طویل لوڈشیڈنگ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہوگیاہے۔ روزانہ اجرت کرنے والا محنت کش طبقہ بھی بے روزگارہو گیا ہے۔بجلی کے بلوں میںلاکھوں روپے ڈیڈیکشن لگا کر عوام پر ظلم و ستم کیا جا رہا ہے۔ کاروبار مفلوج ہوکر رہ گیاہے ، لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پینے کے پانی کا بھی بحران سنگین شکل اختیار کرگیا ہے۔انھوں نے حیسکو کی من مانیوں کیخلاف تشویس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیسکو کے عملداروں نے روزانہ بجلی کی خرابی کا ڈرامہ بناکر شہریوں کو تنگ کرکے رکھ دیا ہے اور ٹرانسفامرز خراب ہونے کا بہانہ بناکر شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو اذیت کا شکار بنایا جارہا ہے۔بجلی کی بندش کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوکر رہ گئی ہیں۔ بجلی کی بندش اور باربار آنے جانے سے بجلی سے استعمال ہونے والی اشیاء جل گئی ہیں۔ شہریوں کو لاکھوں روپے کا نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ حیسکو عملہ بجلی کی خرابی اور ٹرنسفارمرز خراب ہونے کا ڈرامہ بناکر شہریوں سے بھاری رشوت طلب کررہا ہے۔ رشوت وصول کرنے کے باوجود لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ان سے پوچھنے والا کوئی نہیں ہے۔ انہوںنے حکومت کو متنبہ کیا کہ فوری طور پر حیسکو کا قبلہ درست کیاجائے اور شہریوں کے ساتھ ہونے ظلم کا نوٹس لیکر قانونی کارروائی کی جائے۔
حافظ طاہر مجید