لاہورہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم،قتل کے 7ملزمان کو بری کردیا گیا

85

اسلام آباد( آن لائن ) عدالت عظمیٰ نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے قتل کے الزام میں گرفتار 7ملزمان کو شک کی بنیاد پر بری کردیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ویڈیو لنک کے ذریعے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے متفرق کیسز کی سماعت کی۔ڈکیتی کرنے اورمزاحمت پرمحمد اشرف نامی شخص کے قتل کے مقدمات کی سماعت میں عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس اور مدعی پارٹی نے مل کر کہانی ترتیب دی۔عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ مقتول کا پوسٹ مارٹم 14 گھنٹے کی تاخیر سے کیا گیا جبکہ گواہان کو بعد میں خود سے بنایا گیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عام طور پر ڈکیتی کے مقدمات میں علاقے کی پولیس کو معلوم ہوتا ہے کہ واردات کس نے کی۔چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ لیکن آپ کہہ رہے ہیں کہ ملزمان پہلے کسی قسم کی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہے۔انہوں نے ریمارکس دیے کہ 2واقعات ہوئے جن میں ایک ڈکیتی جبکہ دوسرا قتل کا ہے، ملزمان ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے جائے وقوعہ پر پہنچے لیکن سائیڈ پلان میں اس کا کوئی ذکر موجود نہیں ہے۔انہوں نے واقعے سے متعلق ریماکس دیے کہ عجیب بات ہے کہ ملزمان ڈکیتی کے دوران شناختی کارڈ اور بجلی کا بل بھی اپنے ساتھ لے گئے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد لاہور ہائی کورٹ کا سزائے موت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ملزمان کو شک کی بنیاد پر بری کردیا۔خیال رہے کہ مذکورہ واقعہ 2004ء میں قصور میں پیش آیا تھا، تاہم ٹرائل کورٹ نے ساتوں ملزمان امجد علی، محمد خالد ظفر اقبال، عبد القیوم، منظور احمد، محمد طارق اور محمد اکرم عرف ڈاکو کو سزائے موت کی سزا سنائی تھی، جبکہ ہائی کورٹ نے ملزمان کی سزا عمر قید میں تبدیل کردی تھی۔
7ملزمان بری