مقبوضہ کشمیر : لاک ڈاؤن کا 38 واں روز، کشمیری شہید

129

سری نگر (مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ کے لاک ڈاؤن کو 38 روز ہوگئے جبکہ قابض فوج نے مزید ایک نوجوان کو شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں قابض بھارتی فوج نے سوپور کے علاقے میں وحشی پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا جس کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی۔ کشمیری میڈیا کا بتانا ہے کہ بھارت فوج نے نوجوان پر ڈرائیوانگ کے دوران فائرنگ کی جس سے وہ شہید ہوگیا۔ دوسری جانب اس سے قبل بھارتی فورسز نے سوپور کے ہی مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 8 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ مقبوضہ وادی میں سخت کرفیو اور ذرائع مواصلات پر پابندیوں کی وجہ سے یوم عاشور کے ماتمی جلوس نہیں نکالے جاسکے ۔ تاہم بعض حصوں میں لوگ کرفیو اور پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہو ئے یوم عاشور کے جلوس نکالنے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ سخت کرفیو اور ذرائع مواصلات پر پابندیوں کی وجہ سے مقامی اور بین الاقوامی صحا فیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مزید برآں جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مسلسل لاک ڈاؤن سے عوامی غصے اور علیحدگی پسندانہ سوچ میں اضافہ ہوا ہے، مودی حکومت کے کشمیر سے متعلق 5 اگست کے فیصلے سے پہلے ہی ہزاروں کی تعداد میں جو اضافی بھارتی سیکورٹی دستے تعینات کر دیئے گئے تھے، ان کی موجودگی اور مسلسل کرفیو کے باعث یہ خطہ، جو پہلے ہی دنیا کے سب سے زیادہ عسکری موجودگی والے خطوں میں شمار ہوتا ہے، کئی ہفتوں سے اضافی مسائل کا شکار ہوچکا ہے۔
ایک اورکشمیری شہید