پاکستان کا ایل او سی پر اقوام متحدہ کے نگران مشن کو مضبوط کرنیکا مطالبہ

79

اقوام متحدہ/ اسلام آباد(اے پی پی+ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے ایل او سی پر اقوام متحدہ کے نگران مشن کو مضبوط کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ پاکستانی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں امن مشنز پر مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو این مشن کو بھارتی خلاف ورزیوں کی سخت نگرانی کرنی چاہیے، کنٹرول لائن کی نگرانی کے لیے مامور اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت و پاکستان (یواین ایم اوجی آئی پی) کو مضبوط بنایا جائے،5 اگست کے بعد اقوام متحدہ نگران مشن کا کردار مزید اہم ہوگیا، سلامتی کونسل کو نگران مشن کی رپورٹنگ ذمے داریوں میں بھی اضافہ کرنا چاہیے، اقوام متحدہ نگران مشن کے میزبان کی حیثیت سے پاکستان ذمے داریوں سے آگاہ ہے۔علاوہ ازیں ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹینیو گوئتریش سے ملاقات کی اورمقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست کے بعد پیدا ہونے والی سنگین صورتحال اور انسانی المیہ کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔ ملیحہ لودھی نے مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میںکرفیو کا سلسلہ 5 ہفتوں تک پھیل چکا ہے اور بھارت کی جانب سے لاک ڈائون اور جبر و استبداد کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ ، غیرقانونی اور غیر آئینی اقدامات سے نہ صرف علاقائی بلکہ پوری دنیا کے امن و سلامتی کے لیے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔
ملیحہ لودھی