حیسکو نے سٹیزن پورٹل کو جھوٹی رپورٹیں دینا شروع کردی

115

بدین (نمائندہ جسارت) حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے افسران نے وزیراعظم پاکستان کے سٹیزن پورٹل کو بھی گمراہ کن اور جھوٹی رپورٹیں دینا شروع کردی ہیں حیسکو افسران وزیراعظم کے قائم کردہ سٹیزن پورٹل پر شکایات درج کرانے والے صارفین کے مسائل عملی طور پر حل کرنے کے بجائے سٹیزن پورٹل پر دروغ گوئی اور جھوٹ پر مبنی رپورٹیں دے کر وزیراعظم شکایات سیل کو بھی گمراہ کررہے ہیں۔ اس قسم کا واقعہ پنگریو کے نواحی قصبے حاجی دین محمدکے بجلی صارفین کے ساتھ پیش آیا۔ قصبے کے ایک محلے کا پچاس کے وی کا ٹرانسفارمر ایک ماہ قبل جل گیا تھا، حیسکو تلہار سب ڈویژن کے ایس ڈی او نے ٹرانسفارمر تبدیل کرنے کے لیے صارفین سے بھاری رشوت طلب کی، جس پر متاثرہ صارفین نے وزیراعظم کے سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کراتے ہوئے ٹرانسفارمر تبدیل کرنے کی درخواست کی، سٹیزن پورٹل کی جانب سے حیسکوچیف کو یہ مسئلہ حل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں، حیسکوچیف کی جانب سے مسئلے کے حل کے لیے ایکسیئن حیسکو بدین کو لکھا گیا جس کے جواب میں ایکسیئن حیسکو نے ایس ڈی او تلہار سب ڈویژن کی طرف سے وزیراعظم سٹیزن پورٹل پر جواب داخل کرایا کہ گوٹھ حاجی دین محمد میں جلنے والا ٹرانسفارمرتبدیل کرکے بجلی بحال کردی گئی ہے جبکہ قصبے کے صارفین کے مطابق تاحال نہ توٹرانسفارمرتبدیل کیاگیا ہے اورنہ ہی بجلی بحال کی گئی ہے ٹرانسفارمرجلنے کے باعث ایک ماہ سے زائدعرصے سے قصبے کے کافی حصے کی بجلی بدستور معطل ہے، صارفین نے بتایا کہ حیسکو تلہار سب ڈویژن کا ایس ڈی او اور ایکسیئن بدین ملی بھگت کرکے بارشوں کے دوران دیہات اور چھوٹے شہروں کے جلنے والے ٹرانسفارمر تبدیل کرنے کے لیے بھاری رشوت لے رہے ہیں۔ گوٹھ حاجی دین محمد کے صارفین نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر بجلی وتوانائی سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم کے سٹیزن پورٹل پرجھوٹی، بے بنیاد اور دروغ گوئی پر مبنی رپورٹیں دے کرگمراہ کرنے والے حیسکو تلہار سب ڈویژن کے ایس ڈی او اور ایکسیئن بدین کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور گوٹھ حاجی دین محمدکا جلنے والا پچاس کے وی کا ٹرانسفارمرفوری طورپرتبدیل کیا جائے۔