دنیا میں یزیدی اور حسینی کردار قیامت تک جاری رہیں گے ،ممتاز سہتو

61

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) شہادت دراصل حق کی گواہی ہے اور حسین ؓشہادت حق کے بلند ترین ابدی روشن مینار ہیں، ممتاز سہتو نائب امیر جماعت اسلامی سندھ۔ مقامی جماعت جیکب آباد شہر اور گلاب ماڑی تعلقہ گڑھی خیرو ضلع جیکب آباد کی جانب سے پیغام شہادت حسینؓ کے علیحدہ علیحدہ جلسوں کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خاص نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ممتاز حسین سہتو تھے، جلسوں میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز سہتو نے کہا کہ شہادت دراصل حق کی گواہی کو کہتے ہیں، ایک ایسی گواہی جو ابدی ہو، جس کی کوئی نظیر نہ ہو جو تا قیامت رہتی ہوئی تمام انسانیت کے لیے حجت ہو بالکل ایسے ہی شہادت حق کی گواہی حسینؓ ابن علیؓ و نواسہ رسول کریم صلی للہ علیہ وسلم نے ایک ظالم، جابر، بے اصول، سرغنہ استحصالی نظام اور وقت کے ناحق حکمران یزید کیخلاف اپنے پورے خاندان کے ساتھ 61 ہجری میں میدان کربلا میں لازوال قربانی دے کر رہتی انسانی دنیا کے لیے تاریخ رقم کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی دنیا میں یزیدی اور حسینی کردار قیامت تک جاری رہیں گے، آج بھی اگر ہم دیکھیں تو امریکا، اسرائیل اور بھارت تکون مسلم دشمن عناصر اور ان کے ساتھ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے ان کے ہمنوا دنیا بھر میں اپنے ظلم و ستم اور ناحق حکومتوں، بادشاہتوں کے استحصالی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے یزیدی کردار ادا کررہے ہیں۔ تقریبات میں امیر جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد دیدار علی لاشاری نے اپنے افتتاحی کلمات میں نائب امیر سندھ ممتاز سہتو کے ضلع جیکب آبادآمد سے جذبے کو تقویت فراہم کی اور مقامی امرا امیر شہر جیکب آباد محمد صالح سومرو اور امیر مقامی جماعت گلاب ماڑی حافظ عبدالمنان لاشاری مع ساتھیوں کا انتہانی کم وسائل کے باوجود شاندار جلسہ شہادت حسینؓ کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔ دونوں جلسوں میں کارکنان جماعت اسلامی کے علاوہ عام شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر سندھ ممتاز سہتو نے مزید کہا کہ جدید دنیا اس بات کی گواہ ہے کہ افکار سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، سید قطب شہیدؒ اور مرشد حسن البناؒ کی تعلیمات سے سرشار احیا اسلام کی حقیقی اسلامی تحریکوں نے علم حسینیت کو آج بھی اس پُر فتن دور میں یزیدی قوتوں کے سامنے فولادی سینے کی مانند تھامے رکھا ہے اور اسی علم کے نیچے لازوال قربانیوں کے تسلسل کو اپنے اپنے علاقوں اور دائروں میں چاہے وہ فلسطین ہو، کشمیر ہو، میانمار ہو، شام، مصر، افغانستان یا پھر دنیا کے دیگر براعظموں میں غرض ہر جگہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور اسی جہد تسلسل کی زنجیر کی یہ ایک کڑی ہے کہ آج ہم جماعت اسلامی کے خادم و کارکن حسینیت کے علم و مشن کی سربلندی کے لیے آپ کے ساتھ ہیں۔