بلاول زرداری چار روزہ دورے پر آج لاڑکانہ پہنچیں گے

110

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پی ایس 11 لاڑکانہ ٹو سے منتخب رکن سندھ اسمبلی معظم علی عباسی کو عدالتی فیصلے پر ڈی سیٹ کیے جانے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ایس 11 لاڑکانہ ٹو پر 17 اکتوبر کو ضمنی انتخابات کے اعلان کے بعد چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے آج لاڑکانہ پہنچ رہے ہیں جہاں وہ اپنے چار روزہ قیام کے دوران نوڈیرو بھٹو ہاؤس میں لاڑکانہ ڈویژن سے منتخب ایم این ایز، ایم پی ایز کے علاوہ پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کرکے الیکشن کی سرگرمیوں کے حوالے پر بریفنگ لینے کے ساتھ ساتھ مشاورت کے بعد پی ایس 11 لاڑکانہ ٹو پر حتمی امیدوار کے نام کا اعلان بھی کریں گے۔ چیئرمین پی پی بلاول زرداری سندھ کے مختلف شہروں کے دورے کے بعد لاڑکانہ پہنچ رہے ہیں جہاں 15 ستمبر کو وہ گڑھی خدابخش بھٹو میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے اہم خطاب بھی کریں گے۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین کی جانب سے پارٹی کی ضلعی کمیٹی تحلیل کر کے بنائی گئی عبوری کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر ایم این اے خورشید احمد جونیجو نے بھی نوڈیرو ٹاؤن ہال میں پارٹی کارکنوں اور ورکرز کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں بلاول زرداری کے استقبال سمیت الیکشن سرگرمیوں اور ورکرز کنونشن کو کامیاب بنانے کے لیے حکمت عملی طے کی جائے گی۔