حضرت حسینؓ کی زندگی امت کے لیے مشعلِ راہ ہے، مولانا اسد رضا

195

کھڈرو (نمائندہ جسارت) حضرت حسین رضی اللہ عنہ کی زندگی امت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا اسد رضا پٹھان، ذاکر اہِلبیت ارشاد احمد جتوئی، خضر عباس توکل نے کھڈرو میں غازی چوک پر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی زندگی امت کے لیے مشعل راہ ہے، دنیا میں ظلم کیخلاف اس سے بڑھ کر قربانی کی کوئی تاریخ نہیں، دنیا میں آج پھر ظلم کا نظام ہے، جسے ختم کرنے کے لیے حسینی کردار کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل ماتمی جلوس انجمن حیدری کے سرپرست چودھری انور علی حیدری، فرمان علی حیدری کی نگرانی میں مرکزی امام بارگاہ سید گل شاہ بخاری سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں تھانہ روڈ، پریس کلب روڈ سے ہوتا ہوا مین بازار پہنچا جہاں سیکڑوں ماتمی انجمنوں کے عزاداران نے ماتم، نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی، اس دوران کتنے ہی عزادار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین ٹائون کمیٹی رحیم بخش ماری اور ٹائون انتظامیہ کے اہل کاروں، رینجرز اہل کار، محکمہ صحت کے ڈاکٹروں کی ٹیم ایمبولینس سمیت جلوس کے ساتھ رہی۔ ایس ایچ او رائو واجد علی اسپیشل برانچ کے صادق ہنگورو نے سیکورٹی کے انتظامات انتہائی ذمے داری کے ساتھ نبھائے۔ شہریوں کی جانب سے جلوس کے راستے پر سبیلوں اور ننگر نیاز کا اہتمام کیا گیا تھا ، بعد ازاں جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے گل شاہ بخاری پر ختم ہوئے۔