۔15 ماہ سے بے روزگاری اور فاقہ کشی کا شکار ہوں، اکبر عنایت مسیح

92

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد سے جبری برطرف کیے گئے ملازم اکبر عنایت مسیح نے اپنی نوکری پر بحالی کے لیے اور تنخواہیں نہ ملنے کیخلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے اپنی علامتی بھوک ہڑتال جاری رکھی۔ اس موقع پر انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد کی سی بی اے یونین کے جنرل سیکرٹری اکرم راجپوت کے کہنے پر مجھے نوکری سے برطرف کیا گیا ہے کیونکہ میں نے یونین کے رہنما کی بلدیہ میں کی جانے والی کرپشن کیخلاف آواز بلند کی تھی، جس پر مجھے انتقامی کارروائی کا نشانہ بناتے ہوئے میری تنخواہیں روک کر مجھے جبری برطرف کردیا گیا ہے، جس کے باعث میں گزشتہ 15 ماہ سے بے روزگاری اور فاقہ کشی کا شکار ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ اب مجھے احتجاج ختم کرنے کے لیے دھمکیاں دی جارہی ہیں، جس کی وجہ سے میں عدم تحفظ کا شکار ہوں۔ انہوں نے کمشنر اور میئر حیدرآباد سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر مجھے فوری طور پر نوکری پر بحال کرکے میری بقایا تنخواہیں جاری کی جائیں۔