مقامی حکومتوں کا نیا نظام انقلاب برپا کردے گا،عمران خان

198
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان مقامی حکومتی نظام سے متعلق اجلاس کی صدار ت کررہے ہیں
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان مقامی حکومتی نظام سے متعلق اجلاس کی صدار ت کررہے ہیں

اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مقامی طور پر منتخب نمائندگان کو بااختیار بنانے اور مقامی سطح کے مسائل کے حل کے لیے متعارف کرایا جانے والا مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا۔ مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو مقامی حکومتوں کے نئے نظام سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیرِ دفاع پرویز خٹک، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، رکن قومی اسمبلی اسد عمر، خیبر پختونخوا کے وزیرِ خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، صوبائی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ شہرام خان ترکئی و سینئر افسران شریک تھے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نئے نظام کے تحت مقامی طور پر منتخب نمائندگان کو بااختیار بنایا گیا ہے تاکہ انہیں مقامی سطح کے مسائل حل کرنے اور اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل اور میونسپل سطح پر براہ راست انتخاب سے جہاں عوام الناس کو اہل اور قابل نمائندگان منتخب کرنے کے مواقع میسر آئیں گے وہاں سیاسی جماعتیں بھی مضبوط ہوں گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی جس کے دوران پولیس اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پنجاب حکومت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان کو پولیس اصلاحات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔حال ہی میں پنجاب میں پے درپے پولیس تشدد سے شہریوں کی ہلاکت کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔ان واقعات پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پنجاب پولیس میں اصلاحات کے اپنے وعدے کو عملی جامہ پہنائے۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کے لیے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اقتصادی زونز کی تکمیل سے کاروباری برادری کو سہولیات میسر ہونگی، معاشی سرگرمیاں تیز ہونے سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں قائم کیے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز میں اب تک پیش رفت پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ وزیرِ اعظم نے مشیر تجارت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں استعمال ہونے والے درآمد شدہ آلات اور مشینری پر ڈیوٹی اور ٹیکس کی چھوٹ دینے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کو ہدایت کی کہ اقتصادی زونز کے قیام کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔
وزیر اعظم عمران خان