مکھیوں سے متعلق کیس سیکرٹری بلدیات، مئیر کراچی و دیگر کو پھر نوٹس

45

کراچی( نمائندہ جسارت)سندھ ہائیکورٹ نے شہر میں گندگی،کچرے کے ڈھیراور مکھیوں کی بھر مار کیخلاف درخواست پر مئیر کراچی، چیئرمین ڈی ایم سیز کی جانب سے کسی کے پیش نہ ہونے پر ایک مرتبہ پھر سیکرٹری بلدیات، مئیر کراچی و دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس آغا فیصل پر مشتمل2 رکنی بینچ کے روبرو شہر میں گندگی،کچرے کے ڈھیراور مکھیوں کی بھرمار کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ مئیر کراچی، چیئرمین ڈی ایم سیز کی جانب
سے کوئی پیش نہ ہوا۔ عدالت نے سیکرٹری بلدیات،مئیر و دیگر کو ایک بار پھر نوٹس جاری کردیے۔ عدالت نے فریقین کوآئندہ سماعت پر جواب بہر صورت داخل کرانے کا حکم دیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ شہر میں اب بھی مختلف مقامات پر قربانی کی آلائشیں پڑی ہیں،گندگی کے باعث شہر میں مکھیوں، مچھروں کی بھرمار ہے،گندگی کے باعث شدید تعفن اور پیچیدہ بیماریاں پھیل رہی ہیں،شہری کانگو، گلے،پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں،سندھ حکومت ، مئیر ، کنٹونمنٹ بورڈکراچی و دیگر کو فوری انتظامات کرنے کی ہدایت دی جائے،حکومت کو صفائی سے متعلق شعوری،آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت دی جائے،بروقت انتظامات نہ کیے گئے تو شہر مزید سنگین صورتحال اختیار کر جائے گا۔
مکھیوں سے متعلق کیس