قانون کی حکمرانی میں کرپشن بڑی رکاوٹ ہے‘اٹارنی جنرل انور منصور

111

اسلام آباد ( آن لائن ) اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے، ماتحت عدلیہ، پولیس، وکلا اور پراسیکیوٹرز کی سطح پر جدید نظام کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے عدالتی سال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل اور صدر عدالت عظمیٰ بار ایسوسی ایشن نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل انور منصور نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز کو
دہشت گردی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے، مقدمات فوری نمٹانے کے لیے ماڈل کورٹس کا قیام عمل میں لایا گیا، عالمی عدالت انصاف نے بھی پاکستان کے عدالتی نظام پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس کی بنیادی وجہ عدالت عظمیٰ کی جانب سے بنیادی انسانی حقوق کے مقدمات کے فیصلے ہیں، انصاف کے شعبے میں دیگر اہم اصلاحات بھی کی گئی ہیں۔اس موقع پر وائس چیئرمین بار کونسل امجد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماتحت عدلیہ میں انصاف کی فراہمی کبھی تسلی بخش نہیں رہی، لوگوں کو مقدمات کے فیصلوں کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے، واٹس ایپ اور ججز کے تبادلے کے احکامات سے اجتناب ضروری ہے، آئین کی بالادستی کے لیے ہر ادارہ اپنی حدود میں رہ کر کام کرے تو معاملات بہت بہتر ہوسکتے ہیں ،حساس ادارے ارباب اختیار کی نجی زندگیوں کی جاسوسی کرکے انہیں بلیک میل کررہے ہیں ، جوڈیشل کونسل کے خلاف درخواستوں کو فل کورٹ کے سامنے لگایا جائے ،عدالت عظمیٰ سے سزا یافتہ پولیس افسران آج بھی اپنے عہدوں پر کام کررہے ہیں، پولیس کی حراست میں لوگوں کی اموات تشویشناک ہیں۔عدالت عظمیٰ بار ایسوسی ایشن کے صدر امان اللہ کنرانی نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کو شفاف بناناہوگا، جب تک کسی کیس کا فیصلہ نہیں آجاتا میڈیا کو کسی کی پگڑی اچھانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ اس موقع پر قائداعظم کے یوم وفات کی مناسبت سے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔
اٹارنی جنرل انور منصور