فواد چودھری نااہلی کیس سماعت کیلیے مقرر‘ اثاثے چھپانے کا الزام

139

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کے خلاف نااہلی کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔ درخواست میں وفاقی وزیر پر اثاثے چھپانے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔ درخوا ست گزار کا کہنا ہے کہ فواد چودھری کو 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے، چیف جسٹس اطہر من اللہ کیس کی سماعت کریں گے۔ رجسٹرار آفس عدالت عالیہ نے آج کے لیے مقدمات کی فہرست جاری کردی۔درخواست میں کہاگیاکہ وفاقی وزیر نے اثاثوں سے متعلق الیکشن کمیشن میں درست معلومات نہیں دیں۔درخواست میں فوادچودھری، الیکشن کمیشن، ایف آئی اے اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔سمیع اللہ ابراہیم نامی شہری نے وکیل راجا رضوان عباسی کے توسط سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ فواد چودھری کو بطور رکن اسمبلی جو مراعات دی جارہی ہیں واپس لی جائیں اور ان کے خلاف ضابطہ فوجداری کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔
فواد چودھری