پاکستان کو ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کی میزبانی مل گئی

85

اسلام آباد(جسارت نیوز )ایشین اسکواش فیڈریشن نے پاکستان کو ایشین جونیئر ا سکواش چیمپئن شپ کی میزبانی دے دی، چیمپئن شپ 2021 میں اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے بتایاکہ فیڈریشن نے ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ پاکستان میں کرانے کیلئے مراسلہ ایشین اسکواش فیڈریشن کو بھجوایا تھا جس پر انہوں نے رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کو 2021 میں ایونٹ کی میزبانی دے دی ۔انہوں نے کہاکہ فیڈرین نے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ پاکستان میں کرانے کیلئے ورلڈ اسکواش فیڈریشن کو بھی مراسلہ بھجوایا تھا تاہم انہوں نے اس ایونٹ کی میزبانی پاکستان کو نہیں دی۔ قمر زمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ ورلڈ جونیئر کی میزبانی بھی پاکستان کو ملنے کیلئے بھر پور کوشش کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں اسکواش کے فروغ اور بہتری کیلئے نچلی سطح سے کھلاڑیوں کو آگے لانے کیلئے اکیڈمیاں کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں پی ایس اے کے مقابلے بحال ہو چکے ہیں تاہم پشاور میں پی ایس اے کے مقابلے کرانے کیلئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں ۔