انگلینڈ کیخلاف ہوم سیریز،15رکنی قومی کرکٹ ٹیم کے ٹرائلز کا اعلان

111

اسلام آباد(جسارت نیوز ) انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کیلئے قومی ٹیم کے حتمی انتخاب کیلئے 2 روزہ ٹرائلز14 اور 15 ستمبر کو ہونگے، پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے اپنے بیان میں کہا انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں 15 رکنی قومی ٹیم کے حتمی انتخاب کیلئے 2 روزہ ٹرائلز14 اور 15 ستمبر کو فیصل آباد میں لیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پی بی سی سی نے انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کیلئے 20 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے تاہم حتمی 15 رکنی ٹیم کا اعلان رواں ماہ ٹرائلز کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پی بی سی سی کی سلیکشن کمیٹی نے مختلف قومی ایونٹس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے 20 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا تھا۔شارٹ لسٹڈ کھلاڑیوں میں بی ون کیٹیگری میں ریاست خان، ظفر اقبال، ساجد نواز، فخر عباس، شفیع اللہ، شاہ زیب اور نثار علی شامل ہیں۔بی ٹو میں بدر منیر، مطیع اللہ، معین اسلم، ایوب خان، شاہ زیب حیدر، ہارون خان اور انیس جاوید جبکہ بی تھری کیٹیگری میں محمد راشد، محمد اعجاز، محسن خان، ثنا اللہ خان مروت، محمد اکرم اور اکمل حیات شامل ہیں۔ انہوں نے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے ڈومیسٹک سطح پر شاندار کارکردگی دکھانے والے 20 کھلاڑیوںکو شارٹ لسٹ کیا تھا۔ دو روزہ ٹرائلز کے دوران انہی کھلاڑیوں میں سے 15 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا اور انہیں تربیتی کیمپ کیلئے مدعو کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہوم سیریز کیلئے مستند اور باصلاحت کھلاڑیوں پر مشتمل 15 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا جس کا اعلان رواں ماہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 6 ٹی 20 میچوں کی سیریز رواں سال11 سے 19 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین سیریز کے تمام میچز متحدہ عرب امارات کے عجمان، اوول اور شارجہ کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جائیں گے۔