بھارت کشمیر میں نسل کشی کررہا ہے،حکومت جہاد کا اعلان کرے،راشد نسیم

226
کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم ‘ محمد اسحاق خان اور مولانا ثنا اللہ اجتماع ارکان ضلع غربی سے خطاب کررہے ہیں
کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم ‘ محمد اسحاق خان اور مولانا ثنا اللہ اجتماع ارکان ضلع غربی سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں نسل کشی کررہا ہے ،کشمیر ایک بڑے قید خانے کا منظر پیش کررہا ہے لوگ اشیا خور ونوش اور ادویات کی قلت کے باعث مررہے ہیں۔تمام ریاستی جبر اور قید و بند کی صعوبتوں کے باوجود کشمیر ی قوم سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے، حکومت فوری طور پر جہاد کا اعلان کرے، کشمیرکی تازہ کربلا وقت کے حسین کی منتظر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اجتماع جماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر محمد اسحق خان ، مذہبی اسکالر مولانا ثنااللہ، محمود الحسن اور خالد زمان شیخ نے بھی خطاب کیا۔ راشد نسیم نے کہا کہ واقعہ کربلا ہر حال میں حق پر قائم رہنے کا سبق دیتا ہے۔امام حسینؓ نے اقامت دین اور قرآن کی حاکمیت کے لیے جان دی، جماعت اسلامی کی تمام تر جدوجہد قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کے لیے ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہاکہ ملک کو اس وقت بہت سے اندرونی و بیرونی مسائل کا سامنا ہے۔آئی ایم ایف کی غلامی سے آنے والی مہنگائی کے طوفان نے قوم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔غریب کے لیے 2 وقت کی روٹی کا حصول مشکل بن گیا ہے۔بد انتظامی پولیس گردی اور کمزور سفارت کاری نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ مدینے کی اسلامی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جائے۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محمد اسحاق خان نے کہا کہ ارکان جماعت اسلامی کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔آپس میں محبت اور ہمدردی کو فروغ دے کر تنظیم کی قوت سے معاشرے میں اسلام دشمن چور اور کرپٹ عناصر کو شکست فاش دیںگے۔جماعت اسلامی کی مخلص اور ایماندار قیادت ملکی مسائل حل کرسکتی ہے۔ جماعت اسلامی کی تحریک اس ملک کے لیے تحفہ خداوندی اورمعاشرے کے مظلوم و محروم طبقے کی آواز ہے۔