دہشت گردی کی اصل وجہ نظریہ پاکستان ہے،مودی کی زہر افشانی

183

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو اور لاک ڈاؤن کو فخریہ کارنامہ قرار دے دیتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے دنوں میں ہماری حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف جرات مندانہ اقدامات کیے ہیں۔ مودی نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف زہر اگلتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی اصل وجہ ’’نظریہ پاکستان‘‘ ہے۔نریندر مودی نے پاکستان پر الزام لگایا ہے کہ پاکستان خفیہ طور پر سیالکوٹ، جموں اور راجستھان سیکٹرز میں بڑی کارروائی کی تیاریاں کررہا ہے۔ دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کی جانب سے چینی وزیر خارجہ کے حالیہ دورے کے بعد جموں کشمیر کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان کی مذمت کی جاتی ہے۔بھارتی وزارت خارجہ نے اپنے اس بیان میں ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیا۔بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی حکومت آزاد جموں و کشمیر میں چائنہ پاک اکنامک کوریڈور (سی پیک) کے حوالے سے کی جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت جاری رکھے گا کیونکہ آزاد جموں و کشمیر بھارت کا حصہ ہے جس پر پاکستان نے 1947ء سے ناجائز طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بھارت سرکار چین کی جانب سے پاکستانی موقف کی تائید کرنے کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔