امریکااور طالبان کے درمیان معاہدہ افغانستان کیلیے تباہ کن ہوگا ، ایران

322

نئی دہلی (آن لائن) بھارت میں ایرانی سفیر علی جیگینی نے افغان حکومت اور علاقائی کردار کو شامل کیے بغیر امریکا طالبان مذاکرات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان معاہدہ افغانستان کے لیے تباہ کن ہوگا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق خارجی امور نمائندوں کی بھارتی ایسوسی ایشن کی جانب سے منظم کی گئی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت میں ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ طالبان عوامی ریپبلک کو نہیں مانتے بلکہ وہ ایک امیر بنانا چاہتے ہیں جس میں غیر منتخب شدہ مرکزی حکومت کی جانب سے تمام تر احکامات جاری کیے جائیں ، انہوں نے کہا کہ ایران نہ تو امریکا طالبان کے موجودہ مذاکرات میں اور نہ ہی کسی معاہدے کے حق میں ہے کیونکہ یہ مذاکرات افغان حکومت کو شامل کیے بغیر ہورہے ہیں اور ایسی صورت میں طے پانیوالا کوئی بھی معاہدہ افغانستان کے لیے تباہ کن ہوگا۔