حکومت نے امریکا نوازی ومودی کی یاری کا راستہ اپنالیا، اسداللہ بھٹو

207

کراچی/ٹنڈومحمد خان(اسٹاف رپورٹر)نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان اور سابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم کے سامنے کشمیری عوام نے حسینیت کا راستہ اختیار کیا ہے،پاکستان کا بچہ بچہ ان کی پشت پہ کھڑا ہے لیکن حکومت نے حسینیت اور مدینے کی ریاست کا راستہ چھوڑ کر امریکا نوازی اور بھارت کی یاری کا راستہ اختیار کرلیا، امام حسین ؓ کی پوری جدوجہد مکمل اسلامی حکومت کا قیام تھا، انفرادی عبادات بنیاد ہے لیکن دوسرے مذاہب اور اسلام میں یہ فرق ہے کہ اسلام میں انفرادی عبادات کے ساتھ ملکی نظام کو کفر کے نظام کے بجائے اسلامی بنانا ضروری ہے، موجودہ دور میں انفرادی عبادات مسلم اور غیر مسلم ممالک میں ادا کی جارہی ہیں لیکن اصل مسئلہ اسلامی حکومت ہے، امریکا اور مغرب مکمل اسلام کے تصور کا مخالف ہے ،مغرب رہبانیت کے مذہبی تصور کو فروغ دے رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ٹنڈومحمد خان کے تحت مقام راجو نظامانی میں ’’شہادت امام حسین ؓ کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام میں انسانوں کے انفرادی اور اجتماعی مسائل کا حل موجود ہے لیکن آج انسانیت خود انسانوں کے بنائے ہوئے جھوٹے نظامِ زندگی سے تڑپ اٹھی ہے، پاکستان میں مہنگائی، بدامنی، بے روزگاری عروج پر ہے، موجودہ حکومت مدینے کی ریاست اور انصاف سب کے لیے کا نعرہ لگاکر اقتدار میں آئی مگر برسراقتدار آنے کے بعد پاکستان کو مدینے کی ریاست کے بجائے امریکا اور آئی ایم ایف کی غلام ریاست میں تبدیل کردیا ہے۔