وفاقی اداروں میں نوکریوں میں نظر انداز کرنے پر سندھ حکومت کا احتجاج

91

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کا وفاقی اداروں میں بھرتیوں پر سندھ کے نوجوانوں کو نظر انداز کرنے پر احتجاج، سندھ حکومت نے وفاق سے نوکریوں میں کوٹا سسٹم پر عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کردیا، عمران خان نے وزیراعظم بننے سے پہلے کہا تھا کہ صوبوں کو حق دونگا مگر حق نہیں ملا، سندھ کے ساتھ وفاق کا ناروا سلوک سمجھ سے بالاتر ہے، وفاق اشتہارات میں سندھ صوبے کے لیے نہ ہونے کے برابر نوکریاں دکھاتا ہے، وزیراعظم وفاقی اداروں کی جانب سے جاری کردہ نوکریو ں کے اشتہارات پرنظرثانی کریں۔ سندھ کے صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت کی جانب سے نوکریوں میں کوٹا سسٹم پر عملدرآمد نہ کرنے پر تشویش ہے، وفاق سندھ کو اپنے حصے کی نوکریاں نہیں دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے نوکریوں میں سندھ کو مسلسل نظر اندازکیا ہے۔ وفاق نے 2013-14ء میں سندھ کو کوٹے کے تحت 26 ہزار نوکریاں کم دیں۔ سال 2014-15 تک وفاقی خودمختاری ادارے میں 8 لاکھ 26 ہزار 762 ملازم تھے، سندھ کا دیہی اور شہری کوٹا 93 ہزار 110 رکھا گیا مگر سندھ کو 67 ہزار نوکریاں مل سکیں۔ سال 2015-16 میں بھی سندھ کو 26 ہزار نوکریاں کم ملیں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2016 سے 17 میں سندھ کو 1 لاکھ 10 ہزا نوکریاں ملنی تھیں مگر صرف 26 ہزار 387 نوکریاں ملیں۔ قومی اسمبلی میں پنجاب کو 495 اور سندھ کو 128 نوکریاں دی گئیں۔ سال 2016-17 میں کے پی کے کا نوکریوں کا حصہ 1 لاکھ 11 ہزار 159 تھا، کے پی کے کو 87 ہزار اضافی ملازمتیں دی گئیں۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ سال 2016-17 میں وفاق میں کام کرنے والے تمام ملازمین میں 6 فیصد کے حساب سے بلوچستان کی57 ہزار 996 نوکریاں بنتی تھیں، بلوچستان کے 40 ہزار 496 ملازمین مقرر ہیں، اس حساب سے بلوچستان کو 17 ہزار 5 سو ملازمتیں کم دی گئیں۔ کے پی کے کو وفاق میں سب سے زیادہ ایک لاکھ اضافی نوکریاں دی گئیں، سندھ کو دیہی اور شہری 19 فیصد کوٹا کے تحت نوکریاں نہیں دی جارہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی سیکرٹریٹس میں 72 بیورو کریٹس میں سے سندھ کے صرف 4 افسران تعینات ہیں۔ وزیراعظم دفتر کے پبلک سیکرٹریٹ میں پنجاب کو 154 اور سندھ کو صرف 7 نوکریاں ملیں۔ پنجاب کو وفاق میں 50 فیصد سے بھی زیادہ نوکریاں مل رہی ہیں، سندھ اور بلوچستان کو نوکریوں میں نظرانداز کیا گیا اور پنجاب اور پختونخوا کو نوازا گیا ہے۔ وفاقی حکومت جنرل ضیا اور مشرف حکومت کی طرح سندھ کی نوکریاں دیگر صوبوں کو دے رہی ہے۔