عالمی برادری کشمیر میں بھارتی جارحیت ختم کرائے، عالمی ختم نبوت کانفرنس

123

چناب نگر (صباح نیوز) انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام 32ویں سالانہ ’’انٹر نیشنل ختم نبوت کانفرنس‘‘ چناب نگر میں انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ ورلڈ کے نائب امیر فضیلتہ الشیخ حضرت مولانا عبدالرؤف مکی آف مکہ مکرمہ کی زیرصدارت ہوئی۔ کانفرنس سے انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ ورلڈ کے سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج، پاکستان کے امیر مولانا محمد الیاس چنیوٹی، مرکزی علما کونسل کے چیئرمین اور انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، الشیخ مولانا عمر المکی، الشیخ مولانا اسعد محمود مکی، قاری شبیر احمد عثمانی، مولانا حافظ محمد امجد، مولانا ثناء اللہ فاروقی، محمد حنیف مغل، بریلوی مکتب فکر کے مولانا سید سیف اللہ فاروقی، جمعیۃ اہل حدیث کے رہنما علامہ طارق محمود یزدانی، جماعت اسلامی کے رہنما سردار ظفر حسین، قاری احمد علی ندیم، حافظ محمد طیب قاسمی، حافظ مقبول احمد، مولانا عبدالواحد قاسمی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کی بھر پور مذمت کر تے ہیں اور کشمیری بھائیوں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلا تے ہیں۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کر تے ہیںکہ کشمیر میں کرفیو فی الفور ختم کروایا جا ئے اور کشمیری عوام کو بنیادی سہولیات میسر کی جائیں اور وہاں بھارتی جارحیت کو ختم کروایا جائے۔ برما، فلسطین، کشمیر، شام، روہنگیا میں مسلمانوں پر ہونے والے ہولناک مظالم افسوسناک ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ افواج پاکستان کے ان جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے 1965ء سے لے کر اب تک ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ مقررین نے ملک بھر میں قادیانیوں کی بڑھتی ہوئی اسلام دشمن سرگرمیوں پر سخت تشویش و اضطراب کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور دستور کی اسلامی دفعات کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے قادیانیوں کی قانون شکن سرگرمیوں کا نوٹس لیا جائے اور انہیں آئین پاکستان کا پابند کیا جائے۔ قادیانی اسلام اور پاکستان کے خلاف ریشہ دوانیوں میں مصروف ہیں، ملک کے جغرافیائی اور نظریاتی دفاع کا تقاضا ہے کہ قادیانیوں کی سرگرمیوں پر پابندی لگائی جائے اور ملک بھر کے تمام سول اور فوج کے محکموں سے قادیانیوں کو کلیدی عہدوں سے الگ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ میں مذہب کے خانے کا اضافہ کیا جائے یا مسلمانوں اور غیر مسلموں کے شناختی کارڈ کا رنگ الگ الگ کر کے دستوری اور قانونی تقاضوں کے مطابق مذہبی امتیاز کو یقینی بنایا جائے۔ قادیانی ٹی وی چینل (ایم ٹی اے) مسلسل شر انگیزی و گمراہی پھیلا رہا ہے حکومت فوری طور پر اس کی نشریات پر پابندی لگائے اور تعلیمی نصاب میں عقیدہ ختم نبوتؐکے متعلق مضامین شامل کیے جائیں۔