کراچی چیمبرکی مخالفت پر ایف پی سی سی آئی عہدیداران کی میعاد بڑھانے کا بل واپس

109

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بزنس مین گروپ کے وائس چیئرمین و سابق صدرکراچی چیمبر ہارون فاروقی، جنرل سیکٹری بی ایم جی اے کیو خلیل اور کے سی سی آئی کے قائمقام صدر خرم شہزاد نے بدھ کے روز اسلام باد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس و ٹیکسٹائل کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران کے میعاد کو موجودہ ایک سال سے بڑھاکر تین سال کرنے کے حوالے سے پیش کیے گئے مجوزہ بل کی شدید مخالفت کی جو ملک بھر کی تاجر وصنعتکار برادری کے لیے کسی صورت قابل قبول نہیں۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس و ٹیکسٹائل کے چیئرمین مرزا محمد آفریدی نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس رزاق داود اور کمیٹی کے ممتاز ممبران کے علاوہ ملک بھرکے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اس مخصوص مسئلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کراچی چیمبر کے نمائندوں نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ اس وقت ایف پی سی سی آئی کے صدر کا دورانیہ ایک سال پر مشتمل ہے تاہم چند عناصر متعلقہ قوانین میں ترامیم کرواکر اس دورانیے کو تین سال تک بڑھانے کی کوششیں کررہے ہیں جو عملی طور پر ممکن نہیں اور تاجر و صنعتکار برادری اس اقدام کی شدید مخالفت کرے گی۔انھوں نے کہا کہ اس قسم کا اقدام ایسے تمام چیمبرز کے ساتھ سراسر ناانصافی ہو گا جومستقبل میں بھی ایپیکس باڈی کی باگ دوڑ سنبھالنے کے خواہاں ہوں کیونکہ اگر اس مدت کو بڑھا کر تین سال کردیا گیا تو ایسے تمام چیمبر آف کامرس کو ایف پی سی سی آئی کا عہدیدار دوبارہ بننے کے لئے دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک انتظار کرنا ہوگا۔وائس چیئرمین بی ایم جی و سابق صدرکراچی چیمبر ہارون فاروقی نے کہا کہ یہ بل ٹریڈ آرگنائزیشن آرڈیننس 2013 کے سیکشن 11 میں ترمیم کی تجویز دے رہا ہے۔