ایف پی سی سی ا ور آئی سی سی آئی آئی پی کے مابین چین میں مفاہمتی یادداشت

131

کراچی ( اسٹاف رپوٹر) ایف پی سی سی آئی کے 5 رکنی وفد نے فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کی سربراہی میں چین کے شہر زیامین میں 7 سے 10 ستمبر تک سی سی آئی آئی پی کے زیر اہتمام منعقدہ ’’چائنا انٹرنیشنل فیئر اینڈ انویسٹمنٹ فورم‘‘ میں شرکت کی۔ فورم میں مصر کے سابق وزیر اعظم پروفیسر ڈاکٹر ایسام عبدالعزیز شراف، جرمنی کے سابق وزیر دفاع روڈولف البرٹ سکارپنگ، امریکا کے سابق سیکرٹری تجارت کارلوس گٹیرز، سربیا کے نائب وزیر اعظم راسم لجک بھی شریک تھے۔ ڈاکٹر بیگ نے فورم میں پینل ڈسکشن میں کہا کہ دنیا کی معیشت کو عالمی معاشی بے یقینی کے باعث شدید چیلنجز کا سامنا ہے جس میں برطانیہ کا یورپی یونین سے انخلا، تیل کی گرتی ہوئی قیمتیں، کرنسیوں کی قیمت میں عدم استحکام، امریکا اور چین کے مابین تجارتی جنگ شامل ہیں۔ انہوں نے انٹرنیشنل فورم سے کہا کہ دنیا کی بڑی معیشتوں کو تجارتی اختلافات ختم کرکے بے یقینی کی صورتحال کو ختم کرنا ہوگا۔ڈاکٹر بیگ نے وفد کے ہمراہ چائنا پاکستان انویسٹمنٹ کوآپریشن سیمینار میں بھی شرکت کی اور ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جس کے تحت پاکستان اور چین کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ کمیٹی میں پاکستان اور چین کے نامور بزنس مین شامل ہیں۔ مفاہمتی یادداشت کی تقریب میں چین میں پاکستان کے قونصل جنرل ڈاکٹر دیار خان، سی سی آئی آئی پی کی صدر مازی ژونگ، زبیر طفیل، انور قریشی، ملک سہیل حسین اور محمود احمد نے بھی شرکت کی۔